تشریح:
(1) سیدنا قتادہ ؓ کے ساتھیوں نے کوڑا اور نیزہ پکڑانے سے اس لیے انکار کیا کہ وہ احرام باندھے ہوئے تھے اور احرام کی حالت میں نہ شکار کرنا درست ہے اور نہ شکار کے لیے کسی کی مدد کرنا ہی جائز ہے۔ (2) رسول اللہ ﷺ نے خود گورخر کے گوشت کی فرمائش کی جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری ؒ سے بکری کا تحفہ لینے کی خواہش کی تھی۔ دراصل احادیث میں سوال کرنے کی سخت وعید اور مذمت بیان کی گئی ہے۔ امام بخاری ؒ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ساتھیوں کے بے تکلفانہ ماحول میں کسی چیز کی فرمائش کرنا اور بات ہے، یہ اس وعید کی زد میں نہیں آتا جو احادیث میں سوال کے متعلق آئی ہے۔ دوست احباب میں تحائف لینے دینے اور بعض اوقات خود فرمائش کرنے کا ہمارے ہاں بھی عام دستور ہے۔ امام بخاری ؒ نے اس کا جواز ثابت کیا ہے۔