تشریح:
جس دن رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہ ؓ کے گھر تشریف فرما ہوتے تو لوگ آپ کو ہدایا اور نذرانے بھیجا کرتے تھے۔ لوگوں کے دلوں میں حضرت عائشہ ؓ کا احترام دو پہلوؤں سے تھا: ٭ رسول اللہ ﷺ کو آپ سے خصوصی تعلق خاطر تھا، اس بنا پر لوگ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ٭ اپنے علم اور مرتبے کے لحاظ سے بھی ان کا ایک خاص مقام تھا، اس بنا پر لوگوں کا احترام اپنی جگہ پر قابل تعریف تھا۔ خدمت نبوی میں تحفہ اور پھر اسے حضرت عائشہ ؓ کی باری میں پیش کرنا ہر دو امور رسول اللہ ﷺ کی خوشی کا باعث تھے۔ اس کے باوجود رسول اللہ ﷺ اس طریقے سے جو چیزیں حضرت عائشہ ؓ کے گھر پہنچتی تھیں ان میں سے تمام ازواج کو بھیجتے تھے۔ (فتح الباري:256/5)