تشریح:
(1) دیگر روایات میں ہے کہ حضرت جابر ؓ اسی اونٹ پر سوار ہو کر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ فرماتے ہیں: میں نے اونٹ مسجد کے دروازے کے پاس چھوڑا اور مسجد میں دو رکعتیں ادا کیں۔ بعد ازاں رسول اللہ ﷺ نے مجھے اس کی قیمت ادا کی اور کچھ اضافہ بھی دیا، نیز وہ اونٹ جسے آپ نے ابھی اپنے قبضے میں نہیں لیا تھا وہ بھی مجھے ہبہ کر دیا۔ (صحیح البخاري، البیوع، حدیث:2097) (2) امام بخاری ؒ نے یہ ثابت کیا ہے کہ غیر مقبوضہ چیز کا ہبہ بھی جائز ہے، اگرچہ ان روایات میں اس کا ذکر نہیں لیکن عنوان بندی میں آپ نے ان روایات کی طرف اشارہ کیا ہے۔ واللہ أعلم