تشریح:
1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ جماع کے بعد دوسرے جماع کی نوبت آئے تو اس کا کیا حکم ہے؟ یہ جماع خواہ اس بیوی سے ہو جس سے پہلی بارکیا گیا تھا یا دوسری کسی بیوی سے، عنوان کا دوسرا جزیہ ہے کہ چند بیویاں ہیں ان سب سے ہم بستر ہونے کے بعد آخری میں ایک ہی غسل کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟ یہ دونوں جائز ہیں دوسرے مسئلے کے ثبوت سے پہلے مسئلہ خود بخود ثابت ہو جائے گا کیونکہ جب متعدد بیویوں سے فراغت کے بعد ایک ہی غسل درست ہوا تو دوبارہ جماع خود بخود ثابت ہو گیا۔
2۔ بحالت احرام خوشبو استعمال کرنے پر کفارہ ادا کرنا پڑتا ہے لیکن حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف تھا کہ اگر احرام سے پہلے خوشبو استعمال کی گئی اور احرام کے بعد اس کا اثر باقی رہا تو اس پر بھی کفارہ ادا کرنا ہو گا حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے سامنے جب یہ بات آئی تو آپ نے اس کی تردید فرمائی اور بطور ثبوت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل پیش کر دیا جس کی تفصیل آگے آرہی ہے۔ حضرت امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے بھی حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کا موقف اختیار کیا جبکہ جمہور علمائے امت احرام سے پہلے خوشبو کے استعمال میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتے خواہ اس کا اثراحرام کے بعد بھی باقی رہے
3۔ عنوان میں بیان شدہ مسئلہ اس طرح ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوشبو کے استعمال کے بعد تمام ازواج مطہرات رضوان اللہ عنھن اجمعین کے پاس تشریف لے جاتے صبح کو احرام باندھتے تو جسم اطہرسے خوشبو مہک رہی ہوتی تھی عنوان کا پہلا جز تو (يَطُوفُ عَلَى نِسَائِهِ) یعنی اپنی عورتوں سے ہم بسترہوئے اس سے ثابت ہو رہا ہےاور اس کا دوسراجز اس طرح ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر بیوی سے فراغت کے بعد علیحدہ علیحدہ غسل کرتے تو یہ بات عادۃً ناممکن ہے کہ متعدد بار غسل کیا جائے اور خوشبو کے اثرات بھی باقی رہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے تمام ازواج سے فراغت کے بعد آخر میں ایک غسل فرمایا ہوگا۔
4۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق زیر بحث واقعہ صرف ایک مرتبہ حجۃ الوداع کے موقع پر احرام سے پہلے پیش آیا آپ نے چاہا کہ احرام سے پہلے سنت جماع کو بھی ادا فرمائیں اور چونکہ سب ازواج مطہرات رضوان اللہ علیہم اجمعین اس موقع پر آپ کے ساتھ تھیں اس لیے جمع کی صورت پیش آئی تاکہ فراغ خاطر اور اطمینان کے ساتھ مناسک حج میں یکسوئی حاصل ہو جو اس سنت کے ادا کرنے کا مقصد تھا۔