تشریح:
(1) اس عنوان کے تحت مذکورہ احادیث سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ جھوٹ بولنا تو ہر وقت منع ہے لیکن جھوٹی قسم اٹھانا بہت بڑا جرم ہے۔ خاص طور پر عدالت کے روبرو جھوٹی قسم اٹھانا اور جھوٹی گواہی دینا بہت بڑا گناہ ہے۔ جو شخص جھوٹی قسم اٹھا کر اپنے حق میں فیصلہ کرا لیتا ہے ایسا شخص اللہ کے نزدیک ملعون ہے۔ قیامت کے دن وہ اللہ کے عذاب میں گرفتار ہو گا۔ جھوٹی قسم اٹھانے والے کو یہ حقیقت خوب ذہن نشین کر لینی چاہیے۔ (2) آیت کریمہ کے نزول کے متعلق دونوں احادیث میں بظاہر مخالفت ہے، اس کے متعلق دو طرح سے جواب دیا گیا ہے: ٭ حضرت ابن ابی اوفی ؓ کو اشعث بن قیس ؓ کے واقعے کی اطلاع نہیں ہو سکی، اس لیے انہوں نے اپنی معلومات بیان کی ہیں۔ ٭ دونوں واقعات بیک وقت رونما ہوئے اور مذکورہ آیت دونوں واقعات کے بعد نازل ہوئی۔ آیت کے الفاظ دونوں کو شامل ہیں، ان میں کوئی مخالفت نہیں۔ واللہ أعلم