تشریح:
(1) ان احادیث سے امام بخاری ؒ نے وعدہ پورا کرنے کے وجوب کو ثابت کیا ہے، خاص طور پر وہ وعدہ جو عدالت کے روبرو کیا جائے۔ اگر وہ پورا نہ کرے تو عدالت اس کا نوٹس لے اور زبردستی اس سے پورا کرائے بصورت دیگر عدالتی فیصلے تماشا بن جائیں گے۔ (2) حضرت موسیٰ ؑ کے سامنے آٹھ سال اور دس سال کی دو مدتیں رکھی گئی تھیں، حضرت موسیٰ ؑ نے وہ مدت پوری کی جو زیادہ لمبی اور زیادہ عمدہ تھی، حالانکہ موسیٰ ؑ نے دس سال کا وعدہ نہیں کیا تھا لیکن پھر بھی اسے پورا کر دکھایا۔ اس سے وعدہ پورا کرنے کی تاکید مقصود ہے۔ اس حدیث کے آخری جملے کا یہ مطلب ہے کہ جو بھی اللہ کا رسول ہو وہ سچی بات کرتا ہے۔ اس کا وعدہ سچا ہوتا ہے اور وہ اس کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔ اللہ کے رسول وعدہ خلاف ہرگز نہیں ہوتے۔ واللہ أعلم