تشریح:
(1) حضرت سعد ؓ کی والدہ کا نام عمرہ بنت مسعود تھا۔ ان کی وفات کے وقت حضرت سعد ؓ رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ غزوۂ دومۃ الجندل میں شریک تھے۔ جب جنگ سے واپس آئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی قبر پر جا کر نماز جنازہ ادا کی۔ (2) حضرت ابن عباس ؓ اس وقت اپنے والد گرامی حضرت عباس ؓ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ واقعہ حضرت سعد ؓ سے سنا ہو گا جیسا کہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے۔ (3) حضرت سعد ؓ نے اپنی والدہ کی طرف سے باغ صدقہ کیا تھا۔ میت کی طرف سے صدقہ کرنا جائز ہے۔ اس سے میت کو نفع پہنچتا ہے۔ (4) مخراف، حضرت سعد ؓ کے باغ کا نام ہے جو زیادہ پھل دینے کی وجہ سے رکھا گیا تھا۔ (فتح الباري:472/5۔ 473)