تشریح:
1۔اس حدیث میں گھوڑوں کی دوسری قسم کا ذکر نہیں ہے۔دوسری روایات میں اس کا بیان ہے کہ جس نے تونگری کی بنا پر گھوڑوں کو باندھا تاکہ بوقت ضرورت کسی سے مانگنا نہ پڑے اور ان میں اللہ کا حق بھی اداکیا تو اس قسم کے گھوڑے اس کے لیے بچاؤ اور پردہ پوشی کاباعث ہیں۔ 2۔امام بخاری ؒنےدانستہ اس مختصر روایت کا انتخاب کیا ہے تاکہ گھوڑوں میں برکت اور نحوست کی وضاحت کریں:یعنی پہلی قسم کے گھوڑے انسان کے لیے خیر و برکت کا باعث ہیں جو جہاد کے لیے تیارکررکھے ہیں۔ان کی برکت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کی لید،پیشاب وغیرہ بھی نامہ اعمال میں اضافے کا باعث ہوگا جبکہ دوسری قسم میں گھوڑوں کی نحوست کا ذکر ہے جو شخص محض ریاکاری اور مسلمانوں سے دشمنی کی بناپر گھوڑے باندھتا ہے تو یہ گھوڑے اس کے لیے وبال جان اور قیامت کے دن عذاب وعقاب کا باعث ہو ں گے۔ 3۔امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ گھوڑوں میں نحوست ذاتی نہیں بلکہ انسان کے اپنے کردار سے پیدا ہوتی ہے،لہذا حیوانات میں ذاتی طور پر نحوست کا عقیدہ رکھنا دور جاہلیت کی باقیات سے ہے۔واللہ أعلم۔