تشریح:
1۔محرم وہ شخص ہے جس کے ساتھ ہمیشہ کے لیے نکاح حرام ہو۔محرم بغیر کسی عورت کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ 2۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جس شخص کا نام جہاد میں لکھا جائے اور اس کی بیوی نے حج کرنا ہو تو اسے اپنی بیوی کے ہمراہ جانا چاہیے۔ اس کے لیے جہاد میں جانا ضروری نہیں کیونکہ جہاد میں تو اس کا کوئی دوسرا قائم مقام ہو سکتا ہے لیکن بیوی کے ساتھ جانے کے لیے کوئی اجنبی قائم مقام نہیں ہو سکتا۔ 3۔اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اہم معاملات کو عارضی امور پر مقدم کرنا چاہیے کیونکہ رسول اللہ ﷺنے ایک ضروری کام کو اہمیت دی ہے چنانچہ سفر حج اور سفر جہاد میں تعارض کی صورت میں آپ نے سفرحج کو ترجیح دی ہے۔