تشریح:
1۔ ابورافع یہودی ایسا بدبخت انسان تھا جو رسول اللہ ﷺ کے خلاف بہت بغض وعداوت رکھتاتھا،نیز وہ مشرکین مکہ کو آپ کے خلاف مشورے دیتا اور آپ کے ساتھ جنگ کے لیے انھیں اکساتا تھا۔ اسی نےقبائل کو مشتعل کرکے مدینہ طیبہ پر چڑھائی کا مشورہ دیا۔ بالآخر قدرت نے اس سے پورا پورا انتقام لیا۔ 2۔رسول اللہ ﷺ نے اس کا کام تمام کرنے کے لیے عبداللہ بن عتیک،عبداللہ بن عتبہ،عبداللہ بن انیس،ابوقتادہ،اسود بن خزاعی،مسعود بن سنان،عبداللہ بن عقبہ اور اسعد بن حرام ؓ کو روانہ فرمایا۔ 3۔حضرت عبداللہ بن عتیک ؓ نے ابورافع عبداللہ بن ابی الحقیق کو سوتے میں قتل کیا۔ حضرت عبداللہ بن عتیک ؓ نے اگرچہ ابورافع کو جگایا مگر یہ جگانا صرف اس کی جگہ معلوم کرنے کے لیے تھا،تاہم وہ سونے والے کے حکم میں تھا کیونکہ وہ اسی جگہ پڑارہا وہاں سے ادھر اُدھر نہیں بھاگاتھا ،لہذا اس کے متعلق بھی یہی کہاجائے گا کہ اسے سوتے میں قتل کردیا تھا۔ممکن ہے کہ امام بخاری ؒنے عنوان قائم کرکے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہو جس میں یہ صراحت ہے کہ عبداللہ ؓنے ابورافع کوسوتے میں قتل کیاجیسا کہ درج ذیل حدیث میں ہے۔