تشریح:
1۔کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ مشرک قیدی سے فدیہ لے کر اسے رہا کرنا جائز نہیں۔امام بخاری ؒنے ثابت کیا ہے کہ مسلمانوں کو اگر مال کی ضرورت ہو تو مشرکین سے فدیہ لے کر انھیں چھوڑا جا سکتا ہے چنانچہ حضرت عباس ؓ جب غزوہ بدر میں قیدی بنے تو انصار نے ان کا فدیہ معاف کرنے کی پیشکش کی تو رسول اللہ ﷺ نے اسے ٹھکرادیا۔ 2۔رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کا حق وصول کرنے میں اپنے حقیقی چچا سے بھی کوئی رعایت نہ کی۔اس طرح آپ نے دینی معاملات میں رشتے داری کی بنیاد پر سفارش کرنے کا دروازہ بھی ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔ رسول اللہ ﷺ کے ارشاد گرامی میں یہ بھی مصلحت تھی کہ اپنے حقیقی چچا سے رعایت کرنا دوسروں کے لیے بد ظنی کا ذریعہ بن سکتا ہےاس لیے آپ نے صاف صاف انکار کردیا۔