تشریح:
1۔ صفین رَقہ کے مغرب میں دریائے فرات کے کنارے ایک مقام ہے جہاں حضرت معاویہ ؓ اور حضرت علی ؓکے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ اس جنگ میں حضرت سہل بن حنیف ؓ حضرت علی ؓ کے لشکر میں تھے لیکن عملی طور پر وہ جنگ میں شریک نہیں تھے تو ان کے ساتھی انھیں عدم دلچسپی کا الزام دے رہے تھے۔ اس وقت انھوں نے لوگوں کو وعظ کرتے ہوئے فرمایا:رسول اللہ ﷺ نے ہمیں لڑنے کا حکم نہیں دیا۔ یہ تمہاری غلطی ہے کہ تم اپنی تلواروں سے اپنے ہی بھائیوں کو قتل کرنے پر تلے ہوئے ہو۔ جب رسول اللہ ﷺ نے صلح حدیبیہ کے موقع پر کفار سے لڑنے کے لیے جلدی نہیں کی اور ان سے صلح کرلی تو تم مسلمانوں سے لڑنے کے لیے کیوں پر تول رہے ہو؟ خوب سوچ لو، یہ جنگ جائز ہے یا نہیں؟ اس کا انجام کیا ہوگا؟ 2۔ مذکورہ احادیث پر کوئی عنوان نہیں بلکہ ان کا عنوان سابق سے تعلق ہے کہ جب قریش نےعہد شکنی کی تو اللہ تعالیٰ نے انھیں سزادی اور مسلمانوں کو ان پر غالب کردیا۔ افسوس کہ آج مسلمانوں کا حال قابل رحم ہے۔ قرون اولیٰ کے مسلمان فتنہ کچلنے کے لیے تلواریں اٹھاتے تھے لیکن ہم مسلمان فتنے کو فروغ دینے کے لیے ہتھیار اٹھائے پھرتے ہیں۔ آج دشمنان اسلام موجودہ صورت حال دیکھ کر خوش ہورہے ہیں۔ مسلمانوں کے باہمی جنگ وقتال اور خانہ جنگی کی وجہ سے یہودیوں نے قبلہ اول پر قبضہ جمارکھاہے اور وہ مسلمانوں کے کندھوں پر سوار ہیں اور ان سے اپنی مرضی کے کام کروارہے ہیں۔ إناللہ وإنا إلیه راجعون۔