تشریح:
1۔ سیدہ اسماء ؓ اور حضرت عائشہ ؓ دونوں پدری بہنیں ہیں۔ ان کے والد گرامی حضرت ابوبکرصدیق ؓ ہیں جبکہ ان کی مائیں الگ الگ ہیں۔ حضرت اسماء کی والدہ کفارقریش میں شامل تھیں اور ان سے رسول اللہ ﷺ کی ان دنوں صلح تھی، اس لیے آپ نے حضرت اسماء ؓ کو اپنی والدہ سے اچھا سلوک کرنے کی اجازت دی۔ 2۔ عنوان سابق سے اس حدیث کا اس طرح تعلق ہے کہ کفار سے ایفائے عہد کا تقاضا ہے کہ قریبی رشتہ داروں سے بہتر سلوک کیا جائے اگروہ وہ صلہ رحمی کرنے والے کے دین کے مخالف ہی کیوں نہ ہوں۔ 3۔ ان احادیث کا خلاصہ یہ ہے کہ عہد شکنی مذموم ہے اور اس کے مقابلے میں ایفائے عہد قابل تعریف اور پسندیدہ خصلت ہے۔واللہ أعلم۔