تشریح:
1۔فن قراءت سے ناآشنا لوگ کہتے ہیں کہ قراءت سبعہ خاکم بدہن قراء حضرات کی ’’بدمعاشی‘‘ ہے۔ ہمارے نزدیک فن قراءت کے ساتھ یہ سنگین قسم کا مذاق ہے۔ اس سلسلے میں دوباتوں پر علماء کا اتفاق ہے۔ قرآن کریم کوحروف سبعہ سے پڑھنے کا یہ مطلب نہیں کہ قرآن کریم کے ہر لفظ کو سات طریقوں سے پڑھنا جائز ہے کیونکہ چند ایک کلمات کے علاوہ بیشتر کلمات اس اصول کے تحت نہیں آتے۔ سبعہ احرف سے مراد ان سات قائمہ کی قراءت ہرگز نہیں جو فن قراءت میں مشہور ہوئے ہیں کیونکہ پہلا پہلا شخص جس نے ان سات قر اءتوں کو جمع کرنے کا اہتمام کیا وہ ابن مجاہد ہے جس کا تعلق چوتھی صدی ہجری سے ہے۔ 2۔ واضح رہے کہ قرآن کریم میں کسی بھی قراءت کے مستند ہونے کے لیے درج زیل قاعدہ ہے۔ جو قراءت قواعد عربیہ کے مطابق ہو اگرچہ وہ موافقت بوجہ ہو، مصاحف عثمانیہ میں سے کسی ایک کے مطابق ہو، خواہ یہ مطابقت احتمالاً ہو، نیز وہ متواتر سند سے ثابت ہو۔ اس اصول کے مطابق جو بھی قراءت ہوگی وہ قراء ت سے صحیحہ اور ان احرف سبعہ میں سے ہے جن پر قرآن کریم نازل ہوا۔ مسلمانوں کو اس کا قبول کرنا واجب ہے اور اگرتینوں شرائط میں سے کسی میں خلل آجائے تو وہ قراءت شاذ، ضعیف یا باطل ہوگی۔ (النشر 9/1) حقیقت یہ ہے کہ قرآن کریم کے متن میں تمام قراءت متواترہ کی گنجائش موجود ہے۔ اہل علم جانتے ہیں کہ موجودہ مصاحف کے قرآنی الفاظ رسم عثمانی کے مطابق لکھے گئے ہیں۔ اس رسم الخط کی خوبی یہ ہے کہ اس میں تمام قراءت متواترہ کے پڑھنے کا امکان موجود ہے اور یہ ساری قراءات حضرت عثمان ؓ کے اطراف عالم میں بھیجے ہوئے نسخوں کے رسم الخط میں سما جاتی ہیں۔ 3۔ امام بخاری ؒ نے اس حدیث میں حضرت جبریل ؑ اوران کے مختلف کارناموں کو ثابت کیا ہے، خاص طور پر وحی لانے کے لیے بھی یہی فرشتہ مقررہے جیسا کہ متعدد اورمختلف احادیث سے ثابت ہے، واللہ أعلم۔