تشریح:
1۔ حدیث میں فقراء سے مراد موحد اورمتبع سنت غریب ہیں جو دیندار اغنیاء سے کتنے ہی برس پہلے جنت میں داخل کردیے جائیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہوگی کہ دنیا میں انھیں اتنا مال میسر نہیں آیا جس کے سبب وہ بد اعمالیوں کی طرف مائل ہوتے کیونکہ کثرت مال گناہوں کا ذریعہ بنتے ہیں، نیز مال کی بہتات سے انسان کا دل سخت ہوجاتا ہے جو اسے ظلم وستم پر آمادہ کرتا ہے۔ اس بنا پر نادار لوگ ان آلائشوں سے محفوظ رہیں گے۔ اور جہنم میں عورتوں کی اکثریت اس لیے ہوگی کہ وہ عام طور پر لعن طعن کرنے والی اور ناشکرگزار ہوتی ہیں نیز آپس میں حسد و بغض رکھنا ان کی عادت ہے جو جہنم میں جانے کا باعث ہوگا۔ اس کے علاوہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ عورتیں جلدی بے دین لوگوں کے جھانسے میں آجاتی ہیں کیونکہ زیب و زینت کی طرف ان کا میلان زیادہ ہوتا ہے۔ اگرانھیں آخرت کی طرف توجہ دلائی جائے تو کان نہیں دھرتیں۔ 2۔ امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ جنت موجود ہے تبھی تو رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھا۔ ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے معراج کی رات یہ مشاہدہ کیا ہو۔