تشریح:
1۔ حضرت اسامہ بن زید ؓ سے لوگوں نے کہا: آپ حضرت عثمان ؓ سے ولید بن عقبہ کے متعلق گفتگو کریں تاکہ چہ میگوئیاں ختم ہو جائیں تو انھوں نے کہا:میں ان سے علانیہ گفتگو کرنے کی بجائے تنہائی میں بات کرتا ہوں کیونکہ علانیہ بات کرنے سے فتنے کی آگ بھڑک اٹھے گی اور میں اس کا آغاز کرنے والا بن جاؤں گا میں جس طرح لوگوں کو اچھی باتوں کا کہتا ہوں اور بری باتوں سے روکتا ہوں بعینه اپنے حکمرانوں پر بھی اچھی بات واضح کردیتا ہوں۔ اگر میں امر بالمعروف ترک کردوں تو میری مثال بھی اس شخص جیسی ہو جائے گی جس کا حدیث میں ذکر ہوا ہے۔ 2۔ آپ کا مقصد یہ تھا کہ علانیہ طور پر امراء کے خلاف بات کرنا بے ادبی ہے۔ اس سے یہ باور نہ کر لیا جائے۔ کہ میں ان سے بات ہی نہیں کرتا کیونکہ ایسا انداز اختیار کرنا امر بالمعروف کے خلاف ہے۔ اس سخت وعید جو حدیث میں بیان ہوئی ہے کے پیش نظر ہمارے ان خطباء و علماء کو غور کرنا چاہیےجو اپنے علم اور وعظ کے مطابق عمل نہیں کرتے۔ دیگراں را نصیحت خود را فضیحت