تشریح:
1۔ شریعت کا تقاضا ہے کہ ہر کام کرتے وقت اللہ کا نام لیا جائے تاکہ شیطان کو دخل اندازی کا موقع نہ ملے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمَن يَعْشُ عَن ذِكْرِ الرَّحْمَٰنِ نُقَيِّضْ لَهُ شَيْطَانًا﴾ ’’جو شخص رحمٰن کے ذکر سے آنکھیں بند کر لیتا ہے تو اس پر شیطان مسلط کر دیتے ہیں۔‘‘ (الزخرف:43۔36) اس حدیث میں ایک مسلمان کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنی بیوی سے ہم بستر ہوتے وقت اللہ کا ذکر کرنا چاہیے تاکہ شیطان اس پر اور اس کی اولاد پر مسلط نہ ہو سکے۔ چنانچہ ایک روایت میں ہے۔ ’’مذکورہ دعا پڑھنے سے اس کی ہونے والی اولاد پر شیطان مسلط نہیں ہو سکے گا۔‘‘ (صحیح البخاري، بدء الخلق، حدیث:3283) 2۔ امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ شیطان ہر وقت اہل ایمان کو تکلیف دینے کے درپے رہتا ہے اور یہ اس کی بری صفات میں سے ہے۔ واللہ أعلم۔