تشریح:
1۔ نماز ی کا فرض ہے کہ وہ اپنے سامنے سترہ رکھ کر نماز پڑھے اگر اس کے باوجود بھی کوئی اس کے آگے سے گزرتا ہے تو اسے روکنا چاہیے چنانچہ اسی روایت کے ایک طریق میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’تم میں سے اگر کوئی کسی چیز کو لوگوں سے سترہ بنا کرنماز پڑھے پھر کوئی اس کے سامنے سے گزرنے کی کوشش کرے تو اسے روکے ۔ اگر وہ نہ رکے تو اس سے لڑے کیونکہ وہ شیطان ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، الصلاة، حدیث:509) لڑنے سے مراد ہتھیار سے قتل کرنا نہیں بلکہ گزرنے والے کو سختی سے روکنا ہے ا س سےثابت ہوا کہ نمازی کے آگے سے گزرنا شیطانی فعل ہے کیونکہ اس سے نمازی کی نماز خراب ہوگی۔ 2۔ امام بخاری ؒنے اس حدیث سے شیطانی کردار کو ثابت کیا ہے۔ واللہ أعلم۔