تشریح:
1۔ یہ حدیث مختصر ہے۔ تفصیل اس طرح ہے کہ حضرت علقمہ ؓ جب شام گئے تو انھوں نے اللہ سے دعا کی کہ مجھے کوئی اچھا ساتھی مل جائے۔ کہتے ہیں:میں نے دیکھا میرےپہلو میں ایک شیخ محترم بیٹھے ہیں۔ دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ حضرت ابو الدرداء ؓ ہیں۔ پھر انہوں نے یہ حدیث بیان کی۔ 2۔ اس حدیث کو ظاہر پر محمول کیا جائے کہ حضرت عمار ؓشیطانی اغوا میں نہیں آئیں گے، چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ حضرت عمار ؓ خلیفہ راشد حضرت علی ؓ کے ساتھ رہے اور حضرت معاویہ ؓ کے ساتھ شریک نہ ہوئے۔ حضرت عمار ؓ کو یہ فضیلت حاصل ہے کہ شیطان ان پر مسلط نہیں ہوگا۔ ممکن ہے حضرت ابو الدرداء ؓ نے اس حدیث کی طرف اشارہ کیا ہوجس میں رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمار ؓ کے لیے فرمایا:’’انھیں باغی گروہ قتل کرے گا،افسوس کہ حضرت عمارؓ انھیں جنت کی دعوت دیں گے اور وہ انھیں جہنم کی طرف بلائیں گے۔‘‘ (صحیح البخاري، الصلاة، حدیث:447)