تشریح:
1۔ دور جاہلیت میں لوگ تیروں کے ذریعے سے جوا کھیلتے اورفال نکالتے تھے، اسے قرآنی اصطلاح میں ( الاستسقام بالأزلام) کہا گیا ہے۔ مشرکین عرب نے حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تصویریں بنا کر ان کے ہاتھوں میں قسمت آزمائی کا تیردے دیا تھا تاکہ لوگوں کو یہ تآثر دیا جائے کہ ہمارے بزرگ بھی فال نکالنے کے لیے تیر استعمال کرتے تھے۔ یہ حرکت دیکھ کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:پانسہ بنانا، اس سے جوا کھیلنا یافال نکالنا کسی بھی پیغمبر کے شایان شان نہیں ہے۔ وہ ایسی بے ہودہ حرکات سے خود ہی بے زارتھے، ایسے ہی وہ بزرگ جن کی قبروں پر آج ڈھول تاشے بجائے جاتے ہیں۔ 2۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بطور معبود کسی بت کو پوجاجائے یا کسی نبی، ولی کی قبر یا تصویر یامجسمے کو، شرک میں دونوں ایک جیسے ہیں۔ اب جو لوگ کہتے ہیں کہ قرآن کریم میں جس شرک کی مذمت بیان کی گئی ہے اس سے مراد بت پرستی ہے۔ اس کہانی کی کیا حیثیت باقی رہ جاتی ہے۔ 3۔ امام بخاری ؒنے ان احادیث سے سیدنا ابراہیم ؑ کی سیرت بیان کی ہے کہ ان کاتیروں کے ذریعے سے قسمت آزمائی کرناکفار مکہ کی طرف سے ان پر بے بنیاد افترا ہے۔ آپ اس قسم کہ آلائش سے پاک تھے۔