تشریح:
1۔ دوسری روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ بئر جمل سے واپسی کے وقت جو شخص رسول اللہ ﷺ کے سامنے آیا وہ خود راوی حدیث حضرت ابو جہیم بن حارث انصاری ہیں۔ صحیح بخاری کی روایت میں اختصار ہے، صورت واقعہ یہ تھی کہ ابو جہیم نے جس وقت سلام کیا رسول اللہ ﷺ باوضو نہیں تھے، اس لیے آپ نے سلام کا جواب نہ دیا، پھر جب ابوجہیم گلی میں مڑنے لگے لگے تو رسول اللہ ﷺ نے فوراً دیوار پر تیمم کر کے جواب دیا اور وضاحت فرمائی کہ مجھے یہ بات پسند نہ تھی کہ طہارت کے بغیر اللہ کا نام زبان پر لاؤں، اس لیے تیمم کے بعد جواب دیا ہے۔ (عمدة الأحکام :204/3) امام بخاری ؒ کا استدلال اس طرح ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سلام کا جواب فوت ہونے کے اندیشے سے تیمم فرمایا، حالانکہ اذکار و سلام کے لیے طہارت شرط نہیں۔ پھر اگر حضر میں نماز فوت ہو جانے کا اندیشہ ہو تو بدرجہ اولیٰ تیمم کی اجازت ہونی چاہیے، جبکہ پانی دستیاب نہ ہو اور نماز کا وقت ختم ہو رہا ہو۔ (فتح الباري:573/1) روایات میں ایک اور واقعہ بھی منقول ہے جو حضرت مہاجربن قنفذ ؓ سے متعلق ہے کہ انھوں نے ایک مرتبہ ایسی حالت میں سلام کیا جب آپ ﷺ پیشاب کر رہے تھے۔ اس وقت آپ نے جواب نہیں دیا، کیونکہ ایسے وقت میں اللہ کا نام لینا پسندیدہ نہیں۔ اس کا جواب آپ نے وضو کے بعد دیا۔ (سنن النسائي، الطهارة، حدیث:38)