تشریح:
1۔تعوذ استعاذہ اور تعویذ سب کے ایک ہی معنی ہیں کہ میں تمھیں ان کلمات کے ذریعے سے مذکورہ اشیاء سے اللہ کی پناہ میں دیتا ہوں۔التامۃ اللہ کے کلمات کی صفت لازمہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے تمام کلمات تامہ ہیں اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کلمات اللہ غیر مخلوق ہیں کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی مخلوق کی پناہ نہیں لیتے تھے۔2۔واضح رہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس عنوان کے تحت جس قدر احادیث بیان فرمائی ہیں۔ ان سب میں کسی نہ کسی پہلو سے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور آپ کی آل و اولاد کا ذکر ہے عنوان اور احادیث میں یہی مناسبت ہے ضمنی طور پر احادیث میں اور بھی بہت سے مسائل کا ذکر آگیا ہے جو ان احادیث پر غور و فکر کرنے سے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ واللہ اعلم۔