تشریح:
1۔ حضرت ابن عباس ؓ کا حر بن قیس سے اختلاف یہ تھا کہ وہ صاحب کون ہیں جن سے ملاقات کے لیے حضرت موسیٰ ؑ نے اللہ تعالیٰ سے سوال کیا، پھر اس کے لیے سمندری سفر اختیار کیا۔ انھوں نے رسول اللہ ﷺ کی ایک حدیث سے ثابت کیا کہ وہ صاحب حضرت خضر ؑ ہیں۔ پھر اس کا پس منظر بھی ذکر کیا ہے۔ 2۔ درحقیقت قرآن مجید کی سورہ کہف میں حضرت خضر ؑ اور حضرت موسیٰ ؑ کی اس ملاقات کا تفصیلی ذکر ہے۔ وہاں مطالعہ کرنے سے بہت سے ظاہری اور قابل اعتراض امور نظر آتے ہیں مگر ان کی حقیقت کھلنے پر ان کا برحق ہونا تسلیم کرنا پڑتا ہے۔ ہمیں ان واقعات سے بصیرت حاصل کرنی چاہے۔ اس واقعے میں ہمارے لیے بہت سے اسباق ہیں۔ 3۔ حضرت ابن عباس ؓ کا ایک اختلاف نوف بکالی سے بھی ہوا۔ اس کی نوعیت یہ تھی کہ حضرت خضر ؑ سے جس موسیٰ ؑنے ملاقات کی ہے وہ بنی اسرائیل کے پیغمبر موسیٰ ؑ نہیں بلکہ کوئی اور موسیٰ ؑ ہیں، چنانچہ اس اختلاف کی تفصیل اگلی حدیث میں بیان ہوگی۔