تشریح:
ایک حدیث میں مزید وضاحت ہے کہ اس نے دوپٹہ اتارا اور موزے سے باندھ کر کنویں سے پانی نکال کر کتے کو پلایا۔ اللہ تعالیٰ نے اسے معاف کردیا۔ (صحیح البخاري، بدء الخلق، حدیث:3321) اسی طرح کا ایک واقعہ کسی مرد کے متعلق بھی حدیث میں آیا ہے کہ اس نے ایک پیاسے کتے کو پانی پلایا تو اللہ تعالیٰ نے اس کی قدر کی اور اسے معاف کردیا۔ صحابہ کرام ؓ نے پوچھا : کیا ہمارے لیے جانوروں کی خدمت کرنے میں بھی اجرملتا ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’ہر زندہ جگر کی خدمت گزاری میں اجر ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، المساقاة، حدیث:2363) ان متعدد واقعات سے معلوم ہوتا ہے کہ جانور کو پانی پلانے میں بھی اجرو ثواب ہے۔ مذکورہ واقعات سے خلوص کی برکات کا پتہ چلتا ہے۔