تشریح:
اللہ تعالیٰ کی قدرت کے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کرنا کفر ہے لیکن مذکورہ شخص نے اللہ کی قدرت کے متعلق شک کا اظہار کیا اس کے باوجود اسے معاف کردیا گیا کیونکہ یہ شک شدت غم کی وجہ سے تھا۔ کسی کو کافر قرار دینے کے لیے یہ ایک مانع ہے جس طرح شدت خوشی بھی کسی کو کافر قرار دینے کے لیے ایک رکاوٹ ہے جیسا کہ صحیح مسلم کی حدیث ہے۔ ایک آدمی جنگل میں اپنی سواری زادِراہ سمیت گم کر بیٹھا جب اچانک وہ اسے ملی تو شدت خوشی کی بنا پر اس نے کہا: (اللهم أنت عبدي وأنا ربك) ’’یعنی اے اللہ! تو میرا بندہ اور میں تیرا رب ہوں۔‘‘ (صحیح مسلم، التوبة، حدیث:6960(2747) بظاہر یہ کفریہ کلمہ ہے لیکن شدت خوشی کی بنا پر اس سے سر زد ہوا اس لیے اس سے اللہ نے درگزر کیا۔ واللہ أعلم۔