تشریح:
1۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت حیادارتھے۔اس حیاداری کا نتیجہ تھا کہ اگر کوئی چیز آپ کی طبیعت پر ناگوار گزرتی تو اس کا اظہار کرتے بلکہ اس سے چہرہ انور تبدیل ہوجاتا جسے آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین پہچان لیتے تھے لیکن آپ کسی سے اس کاذکر نہیں کرتے تھے۔یہ معاشرتی طور پر ایک بہترین خصلت ہے۔2۔واضح رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سراپا شرم وحیا ہونا حدود اللہ کے علاوہ دیگرمعاملات میں تھا کیونکہ حدود اللہ کے نفاذ میں آپ نے کبھی رواداری کا مظاہرہ نہیں کیا۔حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم شرم وحیا کی وجہ سے اپنے حجرات کے پیچھے غسل فرمایا کرتے تھے،کسی نے آپ کی شرمگاہ کو نہیں دیکھا۔(المعجم الکبیر للطبراني:85/11 طبع مکتبة العلوم والحکم وفتح الباري:705/6)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیا کنواری جو پردے میں ہو،اس کی حیا سے تشبیہ دی گئی ہے کیونکہ خاوند تک پہنچنے اور عورتوں کے ساتھ میل جول سے پہلے وہ سخت حیادار ہوتی ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے بھی زیادہ باحیا تھے۔3۔حدیث میں پردے کی صفت اس لیے بیان ہوئی ہے کہ پردہ دار عورت ان عورتوں سے زیادہ حیادار ہوتی ہے جو پردہ نہیں کرتیں اور بازاروں میں گھومتی پھرتی ہیں۔