تشریح:
ان احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی معطر اور نورانی بغلوں کی صفت بیان کی گئی ہے کہ آپ کی بغلیں بالکل صاف اور سفید تھیں،بلکہ بدن کے دوسرے حصے کی طرح عطر بیز اور خوشبودار تھیں جیسا کہ پہلے بیان ہوچکا ہے کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نےفرمایا:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم اطہر کی خوشبو سے بڑھ کر میں نے کوئی خوشبو نہیں سونگھی۔ایک صحابی کابیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بغلوں کا پسینہ کستوری سے بھی زیادہ خوشبودار تھا۔(سنن الدارمي:31/1)جبکہ عام انسان کی بغلوں سے گندی اور بدبودار ہواآتی ہے کیونکہ انھیں کسی طرف سے ہوا نہیں لگتی۔بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بغلیں دوسرے جسم کی طرح بالکل صاف ہوتی تھیں بلکہ ان کے پسینے سے خوشبو آتی تھی۔