تشریح:
1۔اس حدیث میں چودہ سوافراد کا ذکر ہے جبکہ حضرت جابر ؓ نے ان کی تعداد پندرہ سوبتائی ہے۔ان میں کوئی تضاد نہیں کیونکہ ایک عدددوسرے کی نفی نہیں کرتا۔2۔اس حدیث میں بھی ایک زبردست معجزے کا بیان ہے کہ آپ ﷺ کے کلی کرنے سے کنواں چشمے کی طرح پھوٹ پڑا اور پانی سے بھر گیا۔پانی کو زیادہ کرنے کے متعدد معجزے کتب احادیث میں بیان ہوئے ہیں۔سب سے بڑا معجزہ حسب ذیل ہے:حضرت جابر ؓ کہتے ہیں کہ دوران سفرمیں رسول اللہ ﷺ نے مجھے وضو کے لیے پانی لانے کا حکم دیا۔میں نے پانی تلاش کیا تو نہ ملا۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:فلاں انصاری سے پتہ کرو۔۔۔وہ آپ کے لیے ٹھنڈے پانی کا اہتمام کرتا تھا۔میں اس کے پاس گیا تو اس کی مشک کے منہ کے ساتھ پانی کا ایک قطرہ لگا ہواتھا۔اگرمیں اسے لینے کی کوشش کرتا تو وہ بھی خشک ہوجاتا۔بہرحال میں نے وہ قطرہ رسول اللہ ﷺ کے حضور پیش کردیا۔آپ نے اسے لیا اور کچھ پڑھ کر اپنی ہتھیلی پر ملا،پھر مجھے ایک بڑا برتن لانے کو کہا۔میں ایک برتن لے آیا تو آپ نے اپنے ہاتھوں کو برتن میں رکھ دیا۔ان سے پانی نکلا توآپ نے مجھے فرمایا:’’جابر ؓ ! بسم اللہ پڑھ کر اسے میرے ہاتھوں پر ڈالو۔‘‘ میں نے ایسا کیا تو آپ کی انگلیوں کے درمیان سے پانی بہنے لگا،حتی کہ وہ برتن بھر گیا اور اس میں پانی گردش کرنے لگا۔آپ نے مجھے حکم دیا:’’جابر ؓ!لوگوں میں اعلان کردو جس کو پانی کی ضرورت ہو وہ پوری کرلے۔‘‘ چنانچہ تمام لوگوں نے خوب سیر ہوکرپیا۔جب رسول اللہ ﷺ نے اس سے ہاتھ نکالا تو وہ برتن پانی سے بھرا ہوا تھا۔(صحیح مسلم، الذھد والرقائق، حدیث:7519(3013)حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں:یہ واقعہ تکثیر ماء کے دیگر واقعات سے زیادہ عجیب تر ہے کیونکہ اس میں پانی کی انتہائی کمی اور اس سے استفادہ کرنے والوں کی کثرت کا بیان ہے۔واللہ أعلم۔(فتح الباري:716/6)