تشریح:
1۔صحابہ کرام ؓ کو کھانے کی تسبیح سنانا رسول اللہ ﷺ کا معجزہ تھا ویسے تو قرآن کریم کی تصریح کے مطابق ہر چیز اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:﴿وَإِن مِّن شَيْءٍ إِلَّا يُسَبِّحُ بِحَمْدِهِ وَلَٰكِن لَّا تَفْقَهُونَ تَسْبِيحَهُمْ﴾ ’’اور کوئی چیز ایسی نہیں جو اللہ کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح نہ کرتی ہو لیکن تم ان کی تسبیح کو نہیں سمجھ سکتے۔‘‘ (بني إسرائیل:44/17)ایک ددفعہ رسول اللہ ﷺ نے سات کنکریاں لیں تو انھوں نے آپ کے ہاتھ میں بہ آواز بلند تسبیح کہی پھر آپ نے انھیں حضرت ابو بکر ؓ کے ہاتھ میں رکھ دیا پھر حضرت عمر ؓ کے ہاتھ میں اس کے بعد حضرت عثمان ؓ کے ہاتھ میں رکھا انھوں نے ہر ایک ہاتھ میں تسبیح کہی۔(المعجم الأوسط للطبراني:59/2، طبع دارالحرمین و فتح الباری:723/6)2۔قرآن کریم میں ہے ۔’’معجزے تو ہم صرف ڈرانے کی خاطر بھیجتے ہیں ۔‘‘ (بني إسرائیل:59/17)اس آیت سے کچھ لوگوں نے موقف اختیارکیا کہ ہر نشانی ڈرانے کے لیے ہوتی ہے حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ نے ان کی تردید کی کہ ہر نشانی کو ڈرانے کے لیے سمجھنا محل نظر ہے۔ اللہ تعالیٰ کی کچھ نشانیاں واقعی ڈرانے کے لیے ہیں اور کچھ نشانیاں مثلاً:کھانے پینے میں برکت یہ اللہ تعالیٰ کا محض فضل اور اس کی عنایت ہے۔