تشریح:
1۔جس طرح ایک تیر کمان سے نکلنے کے بعد شکار کو چیرتا ہواگزر جانے پر بھی بالکل صاف شفاف نظر آتا ہے۔ حالانکہ اس سے شکار زخمی ہو کر خاک و خون میں تڑپ رہا ہوتا ہے۔چونکہ اس نے نہا یت تیزی کے ساتھ اپنا فاصلہ طے کیا ہوتا ہے۔ اس لیے خون اور گوبر وغیرہ کا کوئی نشان اس کے کسی حصے پر دکھائی نہیں دیتا۔ اسی طرح وہ لوگ بھی دین سے کوسوں دور ہوں گے اور اپنی بےدینی سے جسداسلام کو بری طرح زخمی کریں گے لیکن بے دینی کے اثرات ان میں کہیں نظر نہیں آئیں گے بظاہر دینداری کا لبادہ اوڑھ رکھا ہوگا اور لوگوں کو قرآن پر چلنے کی دعوت دیں گے قرآنی ایات پڑھیں گے لیکن یہ قرآن ان کے حلق سے نیچے نہیں اترے گا۔2۔اس پیش گوئی سے خارجی مراد ہیں اور ان کے فتنہ تکفیر کی طرف اشارہ ہے۔ وہ کہتے تھے۔﴿إِنِ الْحُكْمُ إِلا لِلَّٰهِ﴾ (الأنعام:57/6)فیصلہ کرنا اللہ کا اختیار ہے لیکن اس آیت کریمہ کی آڑ میں وہ حضرت علی ؓ اور حضرت معاویہ ؓ کی تکفیر کرتے تھے۔حضرت علی ؓ ان کے جواب میں فرمایا کرتے تھے۔ کہ قرآنی آیت مبنی برحقیقت ہے مگر اسے غلط معنی پہنائے گئے ہیں جتنے بھی گمراہ فرقے ہیں وہ سب اپنی سمجھ کے مطابق قرآن سے دلیل لاتے ہیں مگر اس کی تفسیر کرتے وقت ان کی گمراہی کھل جاتی ہے۔ وہ اس کے معنی اپنی مرضی سے متعین کرتے ہیں جو سلف صالحین سے منقول نہیں ہوتے ۔ بہرحال خوارج کا دین میں داخل ہونا اور اس سے تیزی کے ساتھ نکلنا کہ انھیں کچھ حاصل نہ ہو ایسے ہے جیسے تیر شکار میں داخل ہوا پھر نکل گیا خون اور گوبر سے کوئی چیز بھی اس کے ساتھ نہ لگ سکی کیونکہ اس نے بڑی تیزی سے اپنا فاصلہ طے کیا۔ ایسا ہی یہ لوگ بڑی تیزی کے ساتھ دین سے نکل گئے ۔واللہ المستعان۔