تشریح:
1۔شارحین کو اس حدیث کے متعلق اشکال ہے کہ اسے عنوان سے کیا مطابقت ہے؟حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے جس طرح خبر دی اسی طرح وقوع ہوا۔وجہ مطابقت کے لیے یہی کافی ہے لیکن اس توجیہ پر دل مطمئن نہیں ۔ہمارارجحان یہ ہےکہ یہ حدیث سابقہ احادیث کا تکملہ اور تتمہ ہے جن میں گھوڑوں میں خیروبرکت کا ہونا بیان کیا گیا ہے،یعنی قیامت کے دن تک انھیں خیر ہی خیر لازم ہے۔واللہ أعلم۔2۔آج کے جدید دور میں گاڑیوں نے گھوڑوں کی جگہ لے لی ہے جن کی دنیا کے ہرمیدان میں ضرورت پڑتی ہے،جنگی مواقع پر بالخصوص ان سے کام لیا جاتا ہے۔3۔حدیث میں مذکورہ تین اشخاص کا اطلاق لاری اور کاررکھنے والوں پر بھی ہوتا ہے۔بہت سی گاڑیاں بعض دفعہ بہترین ملی مفاد کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ان کے مالک تفصیل بالا کے مطابق اجروثواب کے حقدار ہوں گے۔اس کے باوجود گھوڑوں کی ضروریات بھی قائم ہیں۔پہاڑی علاقوں میں جنگی حالات سے ان کے بغیر نبرآزما ہونا بہت مشکل ہے۔واللہ أعلم۔