تشریح:
1۔ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے احد پہاڑ پر اپنا پاؤں مارا اور مذکورہ بالا ارشاد فرمایا۔ (صحیح البخاري، فضائل أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم، حدیث:3686) 2۔رسول اللہ ﷺ کا یہ ایک معجزہ اور پیش گوئی تھی جو اپنے وقت پر حرف بحرف پوری ہوئی،چنانچہ حضرت عمر ؓ اور حضرت عثمان ؓ ہردو نے جام شہادت نوش کیا اور حضرت ابوبکر ؓ کو مقام صدیقیت نصیب ہوا۔3۔اس حدیث سے حضرت ابوبکر کی فضیلت بیان کرنا مقصود ہے،نیز اُحد پہاڑ کا کانپ اٹھنا بھی بھی برحق ہے جورسول اللہ ﷺ کے ایک معجزے کے طورپر ظہور میں آیا۔4۔اس سے یہ بھی ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ تمام چیزیں اپنی اپنی حدود میں شعورزندگی سے بہرہ ور ہیں جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’ہرچیز اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے لیکن تم اس کی تسبیح نہیں سمجھتے۔‘‘ (بني إسرائیل:44:17)