تشریح:
1۔یہ حدیث حضرت علی ؓ کی فضیلت اور ان کے بلند مرتبے پر دلالت کرتی ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ خود چل کر انھیں لینے گئے اور ان کی کمر سے گردوغبار کو صاف کیا اور ان پر شفقت ومہربانی کرتے ہوئے انھیں راضی کرنا چاہا۔2۔اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ غضب ناک انسان سے نرم رویہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ اس کا غصہ جاتارہے۔3۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی ؓ کو پہلی مرتبہ اس کنیت سے یا دکیا،جبکہ حضرت عمار بن یاسر ؓ کہتے ہیں کہ غزوہ عسرہ میں حضرت علی ؓ ایک کھجور کے نیچے سوئے ہوئے تھے اور ان کی کمر پر مٹی لگی ہوئی تھی،رسول اللہ ﷺ نے انھیں بیدار کرتے ہوئے فرمایا:’’اے ابوتراب!اٹھو۔‘‘ اگریہ واقعہ صحیح ہے تو رسول اللہ ﷺ نے پہلے بھی انھیں مذکور کنیت سے یاد کیاتھا۔ (فتح الباري:93/7)