تشریح:
حضرت عثمان ؓ نے اپنے بعد حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ کے متعلق نامزدگی لکھوائی تھی۔اپنے کاتب حمران سے کہا تھا کہ اسے محض لکھنا، کسی سے اس کاذکر نہ کرنا،لیکن اس نے حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ کو بتادیا،اس پر حضرت عثمان ؓ نارض ہوئے اور حمران کو مدینہ بدرکررکے بصرہ بھیج دیا۔حضرت عبدالرحمان چھ ماہ بعد فوت ہوگئے۔ان کا سن وفات 32ھ ہے۔حضرت عثمان سے لوگوں کا نامزدگی کامطالبہ کرنا کسی ناراضی کی وجہ سے نہ تھا بلکہ مرض کی وجہ سے تھا کہ شایداس سے بچ نہ سکیں کیونکہ مرض نکسیر ابتدائی دور میں پھوٹی تھی ،جبکہ ابھی تک کوئی فتنہ وفساد نہ اٹھا تھا۔(فتح الباري:103/7)