تشریح:
1۔مشہور قراءت ﴿وَمَا خَلَقَ الذَّكَرَ وَالْأُنثَىٰ﴾ہے جو عرصہ اخیرہ میں پڑھی گئی۔ ممکن ہے کہ پہلے اس آیت کا نزول حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ کی قرآءت کے مطابق ہو، لیکن بعد میں (وَمَا خَلَقَ) کا اس میں اضافہ ہوا لیکن حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی ؓ اور حضرت ابو درداء ؓ کو اس کی خبر نہ ہوئی ہو۔ وہ پہلی قرآءت کے مطابق ہی پڑھتے رہے ۔2۔بہر حال ان احادیث میں حضرت حذیفہ ؓ اور حضرت عمار بن یاسر ؓ کی منقبت کا بیان ہے کہ پہلی شخصیت رسول اللہ ﷺ کی رازداں اور دوسری ہستی کو رسول اللہ ﷺ کے ذریعے سے شیطان مردود کے شر سے پناہ دی گئی تھی۔ حضرت خثیمہ بن عبدالرحمٰن کہتے ہیں کہ میں ایک دفعہ مدینہ طیبہ آیا تو میں نے بھی یہی دعا کی تھی۔اے اللہ! مجھے کوئی اچھا ہم نشین عطا فرما تو میری ملاقات حضرت ابو ہریرہ ؓ سے ہوئی تو انھوں نے بھی حضرت عمار ؓ اور حضرت حذیفہ ؓ کے متعلق وہی فرمایا جو حضرت ابو درداء ؓ نے فرمایا تھا بلکہ انھوں نے حضرت سعد بن مالک ؓ کے متعلق فرمایا کہ وہ مستجاب الدعوات ہیں اور حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ کے متعلق کہا کہ وہ صاحب نعلین ہیں اور رسول اللہ ﷺ کے وضو کا بندو بست کرتے تھے۔ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث:3811)