تشریح:
رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی الگ الگ خصوصیات ہیں چنانچہ رسول ﷺ نے فرمایا:’’میری امت میں سب سے زیادہ رحم کرنے والے ابو بکر ؓ اللہ کے احکام کے نفاذ میں زیادہ سخت عمر، سب سے زیادہ حیا دار عثمان رؓ ، حلال و حرام کے زیادہ عالم معاذ بن جبل ؓ ، وراثت کا علم زیادہ جاننے والے زید بن ثابت ؓ ، قرآن کریم کے قاری ابی بن کعب ؓ اور ہر امت کا امین ہوتا ہے اور اس امت کے امین ابو عبیدہ بن جراح ؓ ہیں۔‘‘ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث:3791) اگرچہ امانت و دیانت کا وصف دوسرے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین میں بھی موجود تھا لیکن سیاق و سباق سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابو عبیدہ بن جراح ؓ بطور خاص اس وصف کے حامل تھے جیسا کہ حضرت عثمان ؓ کا حیا دار ہونا اور حضرت علی ؓ کا انصاف پسندہونا بیان ہوا ہے۔(فتح الباري:119/7)