تشریح:
1۔ثرید یہ ہے کہ روٹی کے ٹکڑے گوشت میں بھگو دیے جائیں،روٹی کے بغیر صرف گوشت کو اور نہ گوشت کے بغیر صرف روٹی کے ٹکڑوں کو ثرید کہا جاتا ہے۔یہ اس وقت کا نقشہ ہے جب گوشت کےہمراہ پکی ہوئی چیز بہت کم ملتی تھی اور اسے اعلیٰ کھانا شمار کیا جاتا تھا۔آج بھی شکم سیری ،لذت ونفع رسانی اور زودہضم ہونے میں اس کی کوئی نظیر نہیں بلکہ اطباء نے تو یہاں تک لکھا ہے کہ یہ کھانا بوڑھوں کو جوان بنادیتا ہے۔2۔اس حدیث میں جن فضائل کی طرف اشارہ ہے وہ دیگر عورتوں میں نہیں پائے جاتے۔افضل الانبیاء ﷺ کی بیوی ہونا سب سے بڑی فضیلت ہے ،یعنی رسول اللہ ﷺ کی خاص محبوبہ ہیں۔سب سے زیادہ علم اور حسب ونسب میں بھی فوقیت رکھتی ہیں۔حضرت خدیجہ ؓ اور فاطمہ ؓ میں دیگر وجوہ سے فضیلت پائی جاتی ہے لیکن وہ جامع حیثیت جس کی وجہ سے ثرید سے مشابہت ہوئی وہ کسی بیوی میں نہیں پائی جاتی،جس کی ہم آئندہ وضاحت کریں گے۔