تشریح:
حضرت معاذ بن جبل ؓ قبیلہ خزرج سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی کنیت ابوعبدالرحمان ہے۔ رسول اللہ ﷺنے انھیں یمن کی طرف امیر بناکر روانہ کیا۔ وہاں سے مدینہ واپس آئے۔ پھر شام کے علاقے میں چلے گئے۔ مجاہدانہ زندگی گزارتے ہوئے طاعون ِ عمواس میں ربیع الاول 18 ہجری بمطابق مارچ 639ء میں وفات پائی۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کی تعریف فرمائی، نیز فرمایا: ’’حلال وحرام کو زیادہ جاننےوالے معاذ بن جبل ؓ ہیں۔‘‘ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث:3790۔3791) حضرت عمر ؓنے ان کے متعلق فرمایا: جوشخص مسائل ِ دینیہ سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہے وہ حضرت معاذ بن جبل ؓ کے حضور زانوئے تلمذ طےکرے۔ (فتح الباري:159/7)