تشریح:
1۔ مشرکین مکہ دور جاہلیت میں مزدلفہ سے آگے نہیں جاتے تھے بلکہ رات یہاں قیام کرتے پھر صبح کے وقت آواز لگاتے (أَشْرِقْ ثَبِيرُ) اے شبیر پہاڑ! تو دھوپ کی وجہ سے جلدی روشن ہو جاتا کہ ہم گھروں کو واپس جائیں تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی مخالفت فرمائی۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1684) قریش میں جاہلیت کی یہ رسم اس قدر سرایت کر چکی تھی کہ حضرت جبیر بن مطعم ؓ کا بیان ہے کہ عرفہ کے دن میرا اونٹ گم ہو گیا تو میں اسے تلاش کرتے کرتے کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ میدان عرفہ میں کھڑے ہیں مجھے تعجب ہوا کہ حمس یعنی قریش کا عرفہ میں آنا کیونکر ہے وہ تو مزدلفہ آگے نہیں جاتے۔ رسول اللہ ﷺ ادھر کس لیے آئے ہیں؟ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1664)
2۔ بہر حال اللہ تعالیٰ نے اس جاہلیت کی رسم کو ختم کرتے ہوئےفرمایا: ’’پھر تم وہاں سے واپس لوٹو جہاں سے سب لوگ لوٹتے ہیں۔‘‘ (البقرة:199/2)