تشریح:
1۔ حضرت ام خالد ؓ ، سیدنا خالد بن سعید کی بیٹی اور خالد بن زبیر بن عوام ؓ کی والدہ ہیں۔ اس لیے وہ ام خالد ؓ بھی ہیں۔ اور بنت خالد بھی۔ 2۔لفظ سناہ حبشی زبان کا لفظ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ہجرت حبشہ کی مناسب سے اس ملک کی زبان کالفظ استعمال فرمایا جس کے معنی خوبصورت اور اچھا کے ہیں۔ 3۔ان کے والد گرامی حضرت خالد بن سعید بن عاص ؓ نے حبشے کی طرف دوسری ہجرت میں شمولیت کی۔ ام خالد کی پیدائش حبشے میں ہوئی تو اس کا نام (أمة) رکھا گیا۔ انھوں نے ہی اس کی کنیت ام خالد رکھی تھی۔ ان کی والدہ کا نام امینہ بنت خلف ہے۔(فتح الباري:239/7) 4۔ ایک روایت میں ہے کہ ام خالد نے کہا: میں نے اس وقت زرد رنگ کی قمیص پہن رکھی تھی تو رسول اللہ ﷺ نے سنه سنه کے الفاظ استعمال فرمائے۔ (صحیح البخاري، الجھاد، حدیث:3071) ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے چادر اور قمیص دونوں کے متعلق یہ الفاظ استعمال فرمائے ہوں۔