تشریح:
1۔رسول اللہ ﷺ نے حضرت مصعب بن عمیر ؓ کو ہجرت کرنے کا حکم دیا تھا اور مدینہ طیبہ میں معلم اور مبلغ کا منصب ان کے حوالے کیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ جب تشریف لائے تو حضرت کلثوم بن ہدم کے ہاں ٹھہرے۔ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ سعد بن خثیمہ کے پاس ٹھہرے۔ دراصل حضرت سعد کنوارے تھے۔ ان کے گھر کو بیت العزاب یعنی کنواروں کا گھر کہا جاتا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت کلثوم ؓ کے گھر مستقل اقامت اختیار کی اور اپنے صحابہ کرام ؓ کے ساتھ حضرت سعد بن خثیمہ ؓ کے پاس بھی بیٹھا کرتے تھے جب حضرت علی ؓ کو خبر ملی کہ رسول اللہ ﷺ امن و امان سے قباء میں تشریف فرما ہیں تو وہ بھی آپ کے بعد قباء میں آ گئے۔ (عمدة القاري:646/11) حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ مدینے کے قریب پہنچے تو بنو نجار کی بچیاں دف بجا تی ہوئی نکلیں اور یہ اشعار پڑھ رہی تھیں۔ ’’ہم قبیلہ نجار کی لڑکیاں ہیں زہے قسمت ہمیں رسول اللہﷺ کا پڑوس نصیب ہوا ہے‘‘ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی تشریف آوری کی خوشی میں انصار کی لڑکیاں یہ شعر گا رہی تھیں۔ ’’وداع کی گھاٹیوں سے ہم پر بدر کامل طلوع ہوا ہم پر اللہ کا شکر واجب ہے جب تک داعی اللہ کی طرف بلاتا رہے۔‘‘ اس آخری روایت کی سند متصل ہے صحیح اور راجح امر یہ ہے کہ مذکورہ اشعار غزوہ تبوک سے واپسی پر پڑھے گئے۔ (فتح الباري:327/7)2۔ اس حدیث میں "مفصل"سے مراد سورہ الحجرات سے آخر تک تمام سورتیں ہیں۔ انھیں مفصل اس لیے کہتے ہیں کہ ان میں ہر سورت کے بعد بسم اللہ سے فصل کا تکرار ہے۔ اس کی تین قسمیں ہیں۔ "طوال مفصل" یہ سورہ الحجرات تا سورہ بروج تک ہے۔ "اوساط مفصل " یہ سورہ بروج سے لے کر سورہ بینہ تک ہے۔ "اور قصا مفصل" یہ سورہ بینہ سے لے کر آخری سورت الناس تک ہے۔