تشریح:
1۔ مدینہ طیبہ سےنجد کی طرف جہت کو عالیہ اور تہامہ کی جہت کو سافلہ کہا جاتا تھا قباء عوالی مدینہ میں ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا علو مدینہ میں نزول فرمانا سر فرازی اور بلندی کے شگون کے لیے تھا۔ 2۔اس باغ کے متعلق پہلے ایک حدیث میں وضاحت تھی کہ وہ کھجوریں خشک کرنے کی جگہ تھی۔ ممکن ہے کہ پہلے باغ ہوں پھر ویران ہو کر کھجوروں کے لیے جگہ بن گئی ہو۔ وہ باغ عمرو کے بیٹوں سہل اور سہیل کے لیے تھا جو یتیم ہو چکے تھے اور وہ حضرت اسعد بن زرارہ ؓ کی کفالت میں تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابو بکر ؓ کو حکم دیا کہ وہ اس باغ کی قیمت ادا کریں چنانچہ انھوں نے دس دینار بطور قیمت ادا کیے۔ 3۔رسول اللہ ﷺ کے آنے سے پہلے حضرت اسعد بن زرارہ ؓ وہاں نماز پڑھا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے پہلے تو کھجوروں کی چھڑیوں سے مسجد کا ڈھانچہ تیار کیا اور ہجرت کے چار سال بعد اینٹوں اور گارے سے تعمیر کیا۔ (فتح الباري:308/7) 4۔ چونکہ اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ کی ہجرت اور مدینہ تشریف لانے کا ذکر ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو بیان فرمایا ہے۔ واللہ اعلم۔