تشریح:
1۔صحیح بخاری ؒ کی روایت میں ہے کہ حضرت حارثہ ؓ ایک ایسا تیرلگنے سے شہید ہوئے تھے جس کے مارنے والے کا علم نہیں تھا۔ اس بنا پر حضرت حارثہ ؓ کی والدہ کو فکر لاحق ہوئی کہ نامعلوم اس کا انجام کیا ہو۔ (صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث:2809) 2۔ دوسری روایت میں یہ وضاحت ہے کہ ان کی والدہ نے کہا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! اگر وہ کسی اور صورت حال سے دو چار ہے تو میں رونے دھونے میں اپنی طاقت صرف کردوں گی۔ (صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث:2809) رسول اللہ ﷺ نے اسے فرمایا: ’’تو پاگل ہو گئی ہے کہ بیٹے کے جنتی یا غیر جنتی ہونے کا سوال کرتی ہے یقین سے کیوں نہیں کہتی کہ میرا بیٹا جنت میں ہے۔ وہ کون سی جنت ہے؟ سوال تو یہ کہنا چاہیے تھا؟ وہ جنت الفردوس میں ہے جس سے نہریں پھوٹتی ہیں اور اس کے اوپر تو اللہ تعالیٰ کا عرش ہے۔‘‘ 3۔ اس حدیث سے بدر میں شریک ہونے والوں کی فضیلت ثابت ہوئی کہ وہ سب جنتی ہیں اور یہ اللہ تعالیٰ کا قطعی فیصلہ ہے۔