تشریح:
1۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت انس بن نضر ؓ غزوہ بدر کے وقت مدینہ طیبہ میں موجود تھے۔ شاید اپنے کسی کام کے لیے کہیں باہر گئے ہوں۔ اگرچہ غزوہ بدر سے پہلے بھی کفار کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن غزوہ بدر پہلی جنگ عظیم تھی جو کفر و اسلام کے درمیان برپا ہوئی۔
2۔ حضرت انس بن نضر ؓنے احد کے دامن میں جنت کی خوشبو کو سونگھار یہ خوشبو حقیقی تھی یا اسے مجازی معنی پر محمول کیا جائے؟ حافظ ابن حجر ؒ نے دونوں معنی بیان کیے ہیں لیکن ہمارے نزدیک اسے مجازی معنی پر محمول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اسے ظاہری اور حقیقی معنی پر محمول کرنے میں عافیت ہے روایات میں ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ جنت کو دیکھتا اور اس کی مہک سے محفوظ ہوتا ہے خود اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اگر مرنے والا مقرب لوگوں میں سے ہے تو اس کے لیے خوشبو ئیں جنت کی نعمتیں اور آرام و سکون ہو گا۔‘‘ (الواقعة:88۔89)