تشریح:
1۔ مذکورہ آیت کے سبب نزول کے متعلق اختلاف ہے۔ معلق حدیث تو غزوہ اُحد سے متعلق ہے لیکن ان احادیث کا غزوہ احد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چونکہ اس کے سبب کے بارے میں اختلاف ہے، اس لیے تنبیہ فرمادی۔
2۔ حدیث میں جن تینوں حضرات کا نام لیاگیا ہے، فتح مکہ کے موقع پر اللہ تعالیٰ نے انھیں اسلام لانے کی توفیق دی۔ ممکن ہے کہ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کو ان کے خلاف بددعا کرنے سے منع فرمادیا۔
3۔ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ جب آپ نے قبیلہ لحیان، رعل، ذکوان اور عصیہ پر بددعا شروع کی تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی لیکن صحیح بات یہ ہے کہ غزوہ اُحد کی وجہ سے جن حضرات کےمتعلق آپ نے بددعا کی تھی، ان کے بارے میں یہ آیت نازل ہوئی ہے۔ (فتح الباري:457/7)