تشریح:
1۔ یہ آیات صلح حدیبیہ سے واپسی کے وقت نازل ہوئیں۔ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ مقام ضجنان یاجحفہ یا کرام الغمیم میں ان کا نزول ہوا۔ یہ تینوں مقامات قریب قریب واقع ہیں۔ (فتح الباري:742/8)
2۔ چونکہ آپ پر وحی کا نزول ہورہا تھا، اس لیے آپ نے حضر ت عمر ؓ کو ان کے سوال کا کوئی جواب نہ دیا۔ دراصل صلح حدیبیہ کی شرائط سے مسلمانوں میں بہت بے چینی تھی، خود حضرت عمر ؓ فرماتے ہیں کہ دخول اسلام کے بعد مجھے اتنے شبہات پیش نہیں آئے جتنے صلح حدیبیہ کی شرائط تسلیم کرنے سے پیش آئے، انھوں نے اس سلسلے میں رسول اللہ ﷺ سے ایسی گفتگو کی جس کا انھیں بعد میں احساس ہوا۔ انھوں نے اس کی تلافی کے لیے کئی قسم کے اعمال خیر کیے۔ (صحیح البخاري، الشروط، حدیث:2731۔2732) بہرحال یہ سفر صلح حدیبیہ سے واپسی کا تھا، اسی صورت میں یہ حدیث مذکورہ عنوان سے مطابق ہوگی۔
3۔ واضح رہے کہ آیت کریمہ میں فتح مبین سے مراد صلح حدیبیہ ہے جیسا کہ پہلے بیان ہوچکا ہے۔ واللہ اعلم۔