تشریح:
حضرت ابن عمر ؓ سے بھی خیبر کے دن گدھوں کے گوشت کی حرمت مروی ہے۔ (صحیح البخاري، الذبائح والصید، حدیث:5521) حضرت علی ؓ سے مروی ہے کہ اس دن رسول اللہ ﷺ نے نکاح متعہ اور گدھوں کا گوشت حرام قراردیا۔ (صحیح البخاري، الذبائح والصید، حدیث:5523) حضرت جابر ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ؓ نے گدھوں کا گوشت حرام قراردیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔ (صحیح البخاري، الذبائح والصید، حدیث:5524) عمرو بن دینار کہتے ہیں کہ میں نے حضرت جابر بن زید ؓ سے کہا: لوگ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے گدھوں کے گوشت سے منع فرمایاتھا؟ انھوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بصرے میں حکم بن عمرو غفاری بھی یہی کہتے ہیں لیکن علم کے سمندر حضرت ابن عباس ؓ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے اور وہ یہ آیت پڑھتے ہیں: ’’کہہ دیجئے!جو وحی میری طرف آئی ہے، اس میں کوئی ایسی چیز نہیں پاتا جو کھانے والے پر حرام کی گئی ہو۔‘‘ (الأنعام 145:6۔ وصحیح البخاري، الذبائح والصید، حدیث:5529) اس مسئلے کی مزید وضاحت کتاب الذبائح میں بیان ہوگی۔ باذن اللہ تعالیٰ۔