تشریح:
1۔حدیبیہ کے سال جب کفار کے ساتھ صلح ہوگئی تورسول اللہ ﷺ نے عمرو بن امیہ ضمری ؓ کو نجاشی کے پاس روانہ کیا کہ وہ جعفر بن ابی طالب اور ان کے ساتھیوں کو حبشے سے مدینہ طیبہ بھیج دے، چنانچہ نجاشی نے ان حضرات کو نہایت اعزاز واحترام سے واپس کیا۔جب یہ واپس آئے تورسول اللہ ﷺ اس وقت خیبر میں تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے انھیں خیبر کی غنیمت سےحصہ دیا۔ آپ نے انھیں حصہ دینے سے پہلے دیگرمجاہدین کو اعتماد میں لیا، ان سے گفتگو کی،پھر انھیں مال غنیمت میں شریک کیا۔ ( فتح الباری 603/7۔)2۔حضرت اسماء بنت عمیس ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی:اللہ کے رسول ﷺ ! لوگ ہم پر فخر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ تم اولین مہاجرین میں سے نہیں ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’تمہاری دوہجرتیں ہیں: پہلے تم نے مکہ سے حبشہ کی طرف ہجرت کی، پھر حبشہ سے مدینہ طیبہ کی طرف ہجرت کی۔‘‘(فتح الباري:607/7۔) اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ اہل سفینہ کو دوسرے مہاجرین اولین پر مطلقاً فضیلت حاصل ہے۔ حافظ ابن حجر ؒ نے لکھاہے کہ اس حیثیت سے ان کو برتری حاصل ہوگی، یہ جزوی فضیلت ہے جو کلی فضیلت کے منافی نہیں۔ (الطبقات الکبری لابن سعد:261/8)3۔واضح رہے کہ حضرت عمر ؓ نے جو باتیں حضرت اسماء ؓ سے کی تھیں، ان سے تفاخر مقصود نہ تھا بلکہ تحدیث نعمت کے طور پرایسا کیا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پہلے ہجرت کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ ایسی گفتگو بسا اوقات ساتھیوں اور دوستوں میں ہوجاتی ہے، اس سے فخر ومباہات قطعاً مقصود نہیں۔ واللہ اعلم۔ 4۔امام بخاری ؒ نے غزوہ خیبر کی مناسبت سے یہ واقعہ بیان کیا ہے، دیگر تفصیلات کتاب الجہاد میں بیان ہوچکی ہیں۔ خیبر سے ملنی والی غنیمت اور اس کی تفصیل آئندہ احادیث میں بیان ہوں گی۔ ان شاء اللہ۔