تشریح:
1۔عمرۃ القضا کے کئی ایک نام ہیں جن میں سے عمرۃالقضیہ عمرۃ الصلح اور عمرۃ القصاص زیادہ مشہور ہیں۔ 2۔امام بخاری ؒ نے عمرۃ القضا کو کتاب المغازی میں اس لیے ذکر کیا ہے کہ کفار قریش نے جب مسلمانوں کو عمرہ کرنے سے روکا تومسلمانوں اور کافروں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا پھر انھوں نے اپنے احرام کھول دیے تھے۔ دوسرے سال جب سات ہجری میں مسلمان طے شدہ فیصلے کے مطابق عمرے کے لیے گئے تو اس وقت بھی جھگڑا ہوا تھا اگرچہ تلواروں کا استعمال نہیں ہوااور غزوے میں تلواروں کا استعمال ضروری بھی نہیں۔ 3۔واضح رہے کہ حضرت حمزہ ؓ کی جس بیٹی کے متعلق حضرت جعفر، حضرت زید ؓ اور حضرت علی ؓ میں جھگڑا ہوا اس کا نام عمارہ تھا اس کی والدہ سلمیٰ بنت عمیس ؓ ہے جو حضرت اسماء بنت عمیس ؓ کی بہن ہیں۔ حضرت اسماء ؓ اس وقت حضرت جعفر ؓ کے نکاح میں تھیں، ان حضرت کا بنت حمزہ ؓ کے متعلق جھگڑا مکہ مکرمہ نہیں ہوا جیسا کہ روایت کے ظاہر سے معلوم ہوتا ہے بلکہ مدینہ طیبہ پہنچ کر ہوا تھا۔ اس کی وضاحت خود حضرت علی ؓ سے مروی ہے فرماتے ہیں ہیں کہ جب ہم مدینہ طیبہ آئے تو ہم میں سے ہر ایک نے ان کی پرورش اور کفالت کا دعوی کیا۔ (مسند أحمد:98/1)چونکہ عمارہ بنت حمزہ ؓ کی خالہ حضرت اسماء بنت عمیس ؓ حضرت جعفر ؓ کے نکاح میں تھیں، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے فیصلہ فرمایا:’’عمارہ اپنی خالہ کے پاس رہے گی۔‘‘حافظ ابن حجر ؒ نے وضاحت کی ہے کہ حضرت عمارہ ؓ اپنی خالہ کے پاس رہیں جب جنگ موتہ میں حضرت جعفر شہید ہوئے تو انھوں نے وصیت کی تھی کہ میرے بعد عمارہ حضرت علی ؓ کے پاس رہے گی۔ ان کے پاس رہتے ہوئے جب بالغ ہوئیں تو حضرت علی ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی کہ آپ اس سے نکاح کر لیں تو رسول اللہ ﷺ نے وضاحت فرمائی کہ عمارہ میری رضاعی بھتیجی ہے کیونکہ اس کے باپ کو اور مجھے حضرت ثوبیہ نے دودھ پلایا تھا۔ رضاعت کے مسائل آئندہ بیان ہوں گے۔(فتح الباري:636/7)