تشریح:
1۔ اس حدیث میں وفد بنوتمیم کے متعلق بیان ہوا ہے کہ وہ کس غرض سے آئے تھے۔ اس کی تفصیل ہم پہلے بیان کر آئے ہیں۔
2۔ آخر میں انھوں نے عرض کی کہ آپ ہم میں سے کسی کو امیر بنادیں۔ رسول اللہ ﷺ ابھی خاموش تھے کہ شیخین نے اپنی آراء کا اظہار شروع کردیا۔ حضرت ابوبکر ؓ نے قعقاع کا نام اس لیے پیش کیا کہ وہ ذرا نرم مزاج تھا۔ اس کے مقابلے میں حضرت عمر ؓ نے اقرع بن حابس کا نام پیش کیا کیونکہ نظام امارت چلانے میں یہ زیادہ ماہر تھے۔ دونوں حضرات نے بہتر ارادہ کیا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کو یہ انداز پسند نہ آیا کہ رسول اللہ ﷺ کی موجودگی میں یہ حضرات اپنی آراء کا اظہار کریں، اس پر اللہ تعالیٰ نے تنبیہ فرمائی۔ اس کا نتیجہ یہ ہواکہ آئندہ جب عمر ؓ نبی اکرم ﷺ سے بات کرتے تو اس انداز سے جیسا کہ رازداری کی جاتی ہے۔ باربار انھیں کہا جاتا کہ تمہاری بات سمجھ میں نہیں آئی، دوبارہ کہو، چنانچہ اس کی وضاحت حضرت عبداللہ بن زبیر ؓ نے ایک دوسری روایت میں کی ہے۔ (صحیح البخاري، الاعتصام بالکتاب والسنة، حدیث:7302)